جناب شاہ محمد مری صاحب
آداب
اُمید ہے مزاج بخیر ہونگے۔مہتاک ’’سنگت‘‘ وصول ہوا اور اُس میں اپنی شاعری بھی پڑھنے کو ملی آپ کا بے حد شکریہ ۔بھئی واہ واہ کیا زبردست مضامین افسانے ، تراجم شاعری ۔ سب بے حد منفٹ۔
یقیناًیہ آپ کی بہترین کاوش ہے ۔ اس کے لیے مبارک باد۔ اتنے عمدہ رسالے میں لکھنا چھپنا ایک سعادت ۔ادبی ذوق کی آبپاری کرتا ہوا ک معیاری پرچہ اللہ آپ کو مزید کی توفیق دیئے رکھے۔
سلامت رہیے۔
آسناتھ کنول
*****
"سنگت” کے نام
نظریاتی وابستگی انسان کی ایک قیمتی متاع ہے۔ میں ماہنامہ "سنگت” کا ایک نیا قاری ہوں۔ اب تک محض 3 شمارے ہی میرے مطالعہ سے گزرے ہیں۔ مگر یوں لگتا ہے جیسے "سنگت” کے ساتھ میری نظریاتی سنگت گویا پیدائشی ہے۔ ماہنامہ "سنگت” ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ سے شائع ہوتا ہے۔ کوئٹہ میرے گھر سے کوئی 600 کلومیٹر کے زمینی فاصلے پر ہے۔ "سنگت” کے مطالعے سے پہلے میں بلوچستان کے بارے میں زیادہ واقف نہ تھا۔ ملک کے آدھے حصے کی تاریخ، جغرافیہ، تہذیب، لوگ اور ان کی سوچ کا مجھے درست علم ہی نہیں تھا۔
میں اسے اپنی بدقسمتی کہوں گا کہ یونیورسٹی نے مجھے اعلی تعلیم کی سند کے نام پر ایک ڈگری تو تھما دی مگر سوچنا نہیں سکھایا۔ سارا ملک ہی تعلیم اور تحقیق کے نام پر ڈگری یافتہ افراد سے اٹا پڑا ہے۔ جس کے پاس اصلی ڈگری ہے وہ اسے نچلا نہیں بیٹھنے دیتی تو کوئی جعلی ڈگری پر بھی اتراتا ہے۔ جب سوچنا نہیں آتا تو برداشت کرنا کہاں سے آئے۔ سوچ ہی تخلیق ہے۔ تخلیق نہ ہو تو معاشرے بانجھ ہو جاتے ہیں۔ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ یہی بانجھ پن ہے۔ بہرحال میں اس بات پر خوش ہوں کہ مجھے "سنگت” مل رہا ہے۔ جہاں علمی و ادبی سرگرمیوں اور سیاسی معاملات میں جمود طاری ہے وہاں "سنگت” کی باقاعدہ اشاعت کسی نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں۔
طبقاتی تفریق، سماجی، سیاسی اور معاشی نظام، تہذیبی ارتقاء، تاریخ اور ادب کے بارے میں معلوماتی مباحث اور تحریریں پڑھ کر میرے ذہن کو ایک تحریک ملی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ "سنگت” ایک فکر کا نام ہے۔ "سنگت” ایک ایسی ورکشاپ ہے جس میں میں اپنی حادثہ شدہ، انجر پنجر سوچوں کی "ری مینوفیکچرنگ” کا کام خودکار طریقے سے کر سکتا ہوں۔
جاوید اقبال سہو
خانیوال
*****
جناب پروفیسر شاہ محمد مری
ایڈیٹر سنگت کوئٹہ
اسلام علیکم!۔
ایک مدت بعد خط لکھ رہا ہوں۔ اور آپ کے حالات دریافت کر رہا ہوں۔ ’’سنگت ‘‘ نہیں ملتا۔ اور اِس کے فیض سے ہم محروم ہیں۔ ایک وقت میں لائبریری کو موصول ہوتی تھی۔ لیکن اب کیا وجہ ہوسکتی ہے۔ کہ اِس کی ترسیل بندہے۔
لہذا آپ صاحبان مہربانی فرما کر ہم کو ’’سنگت‘‘ کی ترسیل جاری فرمادیں۔ اور یہاں پر مقیم اہل قلم کو اِن کی فیض سے برہِ ورکریں۔
مہربانی
محبوب گل یاسرچارسدہ