سنگت اکیڈمی آف سائنسز کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس 22جون2019ء بروز ہفتہ دو پہر دو بجے مری لیب فاطمہ جناح روڈ میں زیرصدارت مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر ساجد بزدار منعقد ہوا۔

اجلاس میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں، ڈاکٹر ساجد نبی بزدار، پروفیسر جاوید اختر، ڈاکٹر عطااللہ بزنجو، ڈاکٹر شاہ محمد مری، وحید زہیر، عابد میر، عابدہ رحمان، خالد میر اور اعزازی ممبر سرور آغا نے شرکت کی۔

اجلاس کا ایجنڈا مندرجہ ذیل تھا:

۔1۔ سنگت اکیڈمی کی مختلف فیکلٹیز کا جائزہ، ان کی ازسر نو تشکیل، اور انہیں مانیٹر کرنے کا طریقہ کار

۔ 2۔بلوچستان کی موجودہ ادبی، سماجی اور کلچرل تنظیموں سے دوستی کے معاہدے کرنے کے تسلسل کی دوبارہ شروعات

۔3۔اکتوبر/نومبر سنگت کانگریس کی تیاری، سیکریٹری جنرل، رپورٹ وغیرہ۔

۔ 4۔سنگت اکیڈمی کے اراکین کی طرف سے اکیڈمی کے بارے میں تاثرات لکھنے پر زور

۔5۔پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کا جائزہ

۔6۔ دیگر امور

۔ایجنڈا پر نکتہ وار سیرحاصل بحث کے بعدمتفقہ طور پر مندرجہ ذیل فیصلے طے پائے:۔

۔1۔ پہلے نکتے میں سب سے پہلے اس بات پر بحث ہوئی کہ سنگت کے اراکین کو یہ طے کر لینا چاہیے کہ اکیڈمی ہوتی کیا ہے اور سنگت اکیڈمی کا بنیادی کردار کیا ہے۔ اس حوالے سے طے پایا کہ، ”سنگت اکیڈمی عوام کی متبادل یونیورسٹی ہے جو اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی دلچسپی کے امور پر ریسرچ، پبلی کیشنز،سیمنار اور ورکشاپ منعقد کرتی رہے گی“۔

اس کے بعد گذشتہ فیکلٹیز کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی ازسر نو تشکیل کی گئی، جب کہ چند نئی فیکلٹیز بھی تشکیل دی گئیں۔ طے پانے والی نئی فیکلٹیز کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

۔1۔  فیکلٹی آف پو ہ زانت(سیمنار، ورکشاپ،سمپوزیم وغیرہ):

چیئرپرسن: ڈاکٹر عطااللہ بزنجو

اراکین: عبداللہ شوہاز، خالد میر

۔2۔  فیکلٹی آف لٹریچر:

چیئرپرسن: وحید زہیر

اراکین: نجیب اللہ

۔3۔  فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز:

چیئرپرسن: ڈاکٹر منیر رئیسانڑیں

اراکین: ڈاکٹر عنبرین مینگل، ڈاکٹر عطااللہ بزنجو

۔4۔   فیکلٹی آف ایجوکیشن:

چیئرپرسن: جیئند خان جمالدینی

اراکین: عابد میر، جاوید اختر

۔5۔   فیکلٹی آف ویمن

چیئرپرسن: عابدہ رحمان

اراکین: نور بانو، شگفتہ جہانگیر

جب کہ ڈاکٹر شاہ محمد مری ڈین فیکلٹیز ہوں گے۔ جو تمام فیکلٹیز کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔

اس طرح آئندہ سنگت اکیڈمی کا تنظیمی ڈھانچہ یوں واضع ہو گا کہ مرکزی کابینہ تین عہدوں پر مبنی ہو گی، جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل، ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور ڈین فیکلٹیز شامل ہوں گے۔ جب کہ تمام فیکلٹیز کے چیئرپرسنز اور ماضی قریب کاسابق سیکریٹری جنرل مرکزی کمیٹی کے رکن ہوں گے اور یہ تمام منتخب عہدے ہوں گے، جنہیں جنرل باڈی دو سال کے لیے منتخب کرے گی۔ فیکلٹیز کے لیے اراکین منتخب کرنے کا اختیار چیئرپرسن کو حاصل ہو گا، جو مرکزی کمیٹی کی مشاورت سے دو تا چار ارکین لے سکیں گے۔

پوہ و زانت فیکلٹی کے ذمے ہر ماہ کی علمی نشست کا اہتمام ہو گا، جس کے لیے مواد کی فراہمی دیگر فیکلٹیز کے ذمے ہو گی۔

۔ 2۔ بلوچستان کی دیگر تنظیموں کے ساتھ دوستی کے معاہدے کے حوالے سے طے پایا کہ یہ سلسلہ ماضی کی طرز پر ہی جاری رکھا جائے۔ البتہ اس کی منظوری مرکزی کابینہ یا سینٹرل کمیٹی سے مشروط ہو گی۔ چیئرپرسن پوہ و زانت مرکزی کابینہ کی منظوری اور صلاح و مشورے سے اس کام کو آگے بڑھانے کے مجاز ہوں گے۔

۔ 3۔آئندہ کانگریس سے متعلق طے پایا کہ یہ اپنے طے شدہ عرصہ یعنی وسط اکتوبر سے وسط نومبر کے مابین منعقد ہو گی۔ آئندہ انتخابات کے حوالے سے آئندہ ہونے والے سینٹرل کمیٹی اجلاس وسط ستمبر تک مندرجہ ذیل امور طے پائیں گے:

-سیکریٹری جنرل دو سالہ رپورٹ پیش کریں گے، جس کی سینٹرل کمیٹی منظوری دے گی۔

-آئندہ انتخابات اوپن ہوں گے۔ اگر کوئی امیدوار سامنے نہ آیا تو سینٹرل کمیٹی ایک فہرست تجویز کرے گی، جس میں ترمیم و اضافے کا حتمی اختیار جنرل باڈی کو ہو گا۔

–  اکتوبر کا پوہ و زانت جنرل باڈی اجلاس ہو گا، جس میں انتخابات اور سیکریٹری رپورٹ پیش کر کے اس کی حتمی منظوری لے لی جائے گی۔

–  ایک روزہ کانفرنس نومبر میں ہو گی۔ اس کے موضوعات اور مشاعرہ وغیرہ کی تفصیلات کے لیے مرکزی کابینہ اگست کے پہلے ہفتے میں مشاورتی اجلاس کرے گی اور سینٹرل کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس کی تفصیل پیش کرے گی۔

۔4۔اس حوالے سے طے پایا کہ سنگت اکیڈمی کے تمام اراکین بشمول گذشتہ صدور اور نئے اراکین، سے کہا جائے گا کہ وہ سنگت اکیڈمی سے متعلق اپنے تجربات کھل کر لکھیں جنہیں کتابی شکل میں شائع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اس میں سنگت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ اور خامیوں، کمیوں کی نشان دہی لازم ہو گی، تاکہ ان کا جائزہ لے کر مستقبل میں انہیں بہتر کیا جا سکے۔

۔ 5۔پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ مرکز میں صورت حال جوں کی توں ہے۔ صوبوں میں انتخابات ہو چکے ہیں مگر مرکزی کابینہ اب تک تشکیل نہیں دی جا سکی۔ سنگت اکیڈمی نومبر میں اپنی کانگریس اور کانفرنس میں ہر صوبے سے پروگریسو رائٹرز کے نمائندوں کو دعوت دے گی کہ وہ اس میں شریک ہوں اور اپنے یونٹ کی کارکردگی دوستوں کے سامنے پیش کریں۔

۔ 6۔ دیگر امور میں طے پایا کہ پوہ و زانت اجلاس میں شرکا کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر مستقل ساؤنڈ سسٹم کا انتظام ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے پوہ و زانت فیکلٹی کے رکن خالد میر کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ دیگر تکنیکی معاملات کے ساتھ ساتھ اس معاملے کو بھی دیکھیں گے اور آئندہ ایک مائیک مستقل طور پر موجود ہو گا۔

سینٹرل کمیٹی کا آئندہ اجلاس ماہِ ستمبر کے وسط میں ہو گا۔

0Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے