کہیں جانے سے پہلے
احتیاط کھانس لیتا ہوں
نہیں آتی مگر یہ چاہتا ہوں
چھینک آ جائے
اگر محفل میں ہچکی آگئی
کیا لوگ سوچیں گے
کہاں آداب آتے ہیں
مجھے لوگوں سے ملنے کے
نہیں معلوم سب کے سامنے
کھانے کا کیا اچھا طریقہ ہے
نوالہ توڑتے ہیں کس طرح
کیسے چباتے ہیں
کئی دن سے اگر ہو پیٹ خالی
کیسے کھاتے ہیں
ابھی کچھ روز پہلے
ایک دعوت میں
اچانک آگئی تھی چھینک
پانی پی رہا تھا جب
اور اس سے ایک ہفتہ قبل ہوٹل میں
یکا یک چائے کی پیالی
مرے ہاتھوں سے چھوٹی تھی
نہیں بولا تھا وہ لیکن
بہت کچھ اس کے ماتھے کی
لکیروں سے ہی ظاہر تھا
مجھے ایسا لگا وہ کہہ رہا تھا اب ضرورت ہے
تمہیں جیون کی راہوں پر کسی اچھے سہارے کی
مگر ہم ایک دوجے کا سہارا بن نہیں سکتے
ہماری عمر رشتوں کی روانی کا سمندر ہے
بہاﺅ بن تو سکتے ہیں کنارا بن نہیں سکتے

0Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے