سنگت ادبی دیوان لیاری کی ماہانہ نشست 11 ستمبر 2024 کی شام کو بلوچ اتحاد آفس چاکیواڑہ میں عابد بروہی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ سیکریٹری دیوان عیسیٰ بلوچ کی گھریلو مصروفیات کی وجہ سے نظامت کے فرائض رمضان بلوچ نے انجام دئے۔

ایجنڈا کے مطابق بلوچی زبان کے سینئیر شاعر و ادیب اصغر علی آزگ نے بلوچی زبان اور رسم الخط کے بارے میں لیکچر دیا جس میں انہوں نے ہزاروں سال سے اس زبان کی ارتقائی شکل میں فارسی اور عربی زبانوں کے پس منظر میں تبدیلیوں۔ ہر زمانے میں بلوچی زبان پر دوسری زبانوں کے اثرات اور مختلف لہجوں کی نشاندہی کی۔ علاوہ ازیں معروف شاعر۔ ادیب اور دانشور سید ظہور شاہ ہاشمی کے موقف کی روشنی میں عربک اور رومن بلوچی رسم الخط کے خدوخال اور بلوچی ادب میں ان کے مضمرات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سید ہاشمی کے کام کو وقت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھایا جانا چائیے تاکہ بلوچی زبان میں مزید نکھار پیدا ہو۔ ان کے لیکچر کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں اٹھائے گئے سوالات کے جواب میں اصغر آزگ نے مزید وضاحت پیش کی۔

ایجنڈا نمبر 2 کے مطابق رفیق بلوچ نے اپنی کتاب "درخشاں لیاری کے چاند ستارے” کو حاضرین سے متعارف کرایا۔ اس کتاب کی رونمائی چونکہ یکم ستمبر 2024 کو اسی مقام پر ہوچکی تھی۔ اس لئے اس موقع پر رفیق بلوچ نے تفصیل کے ساتھ لیاری کی چیدہ چیدہ ان نامور شخصیات کے بارے میں حاضرین کو روشناس کرایا جن سے متاثر ہوکر انہوں نے یہ کتاب لکھنے کی ضرورت محسوس کی۔ انہوں نے اسی موضوع پر مزید کتابوں کی اشاعت پر زور دیا۔

باقی ماندہ ایجنڈا کے مطابق جن شعراء نے اپنا کلام سنایا اور داد پائی ان میں خرم شہزاد۔ اصغر لعل۔ شبیر احمد ارمان اور محمود محمد حسنی شامل تھے۔ آج کے دیگر شرکاء یہ تھے: انجئنیر امام بخش بلوچ۔ امین ضامن۔ زاہد بارکزئی۔ مراد بلوچ۔ استاد غلام محمد خانصاحب۔ امان قاضی۔ نثار انجم۔ اورنگزیب بلوچ۔

آخر میں صاحب صدر کی درخواست پر انجئنیر امام بخش بلوچ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے لیاری میں ادبی اور علمی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو سراہا۔

اس کے بعد استاد غلام محمد نے صاحب صدر کی اجازت سے مرحومین سینئر شاعر عابد آسکانی۔ سینئیر صحافی اسلم جنگیان اور شاعر محی الدین معیار کےلئے دعائے مغفرت کی۔

آخر میں صاحب صدر عابد بروہی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نشست کے برخاست ہونے کا اعلان کیا۔

جاری کردہ
عیسیٰ بلوچ
سنگت ادبی دیوان
لیاری کراچی۔

0Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے