سنگت اکیڈمی آف سائنسز کی ماہانہ نشست ”پوہ زانت “زیر صدارت آغا سرور منعقد ہوا ۔ اس نشست میں سنگت اکیڈمی آف سائنسز کے سیکرٹری جئیند جمالدینی، ڈاکٹر شاہ محمد مری، آغا گل، وحید زہیر، افضل مراد ،شاہ محمود شکیب، پروفیسر جاوید اقبال ، ساجد بزدار ، کامریڈ کلیم ، ڈاکٹر منیر رئیسانی اور دوسرے ساتھیوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض راقم الحروف نے سرانجام دئیے۔ سب سے پہلے جئیند جمالدینی کے فرزند فریدون جمالدینی کے ہاں بیٹے کی ولادت پر اسے مبارکباد دی گئی۔ اور دوسری خوشی کی بات کہ ماما عبداللہ جان جمالدینی نے اپنے پڑپوتے کا نام اپنے نام سے منسوب کردیا۔
نشست میں سب سے پہلے جئیند جمالدینی جنہوںنے گذشتہ دنوں گوادر کا دورہ کیا تھا۔ان سے اس سفر کی روداد بیان کرنے کی گزارش کی گئی۔ جئیند جمالدینی نے کوئٹہ سے گوادر تک سفر کے حوالے سے گفتگو کی ۔ اس سفر میں جئیند جمالدینی کے ہمراہ ڈاکٹر شاہ محمد مری سنگت اکیڈمی آف سائنسز کے ڈپٹی سیکرٹری عابد میر بھی تھے۔کتاب میلہ کا انعقاد رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ گوادر نے کیا تھا ۔جس کا ڈائریکٹر ناصر سُہرابی بلوچ ہے۔ علم و ادب کے حوالے سے گوادر سمیت مکران کی مردم خیز سر زمین نے نامور ادیب و شاعر پیدا کےے ہیں۔ جن میں ملا فاضل، جی آر ملاّ، سید ہاشمی، عطا شاد، قاضی مبارک اور بہت سے دیگر نام مشہور و معروف ہیں جنہوں نے بلوچی زبان و ادب کے حوالے سے کئی کتابیں لکھی ہےں۔ کتب بینی کے حوالے سے بھی مکران کے لوگ انتہائی مشہور ہیں۔ اور بلوچستان کے اور خصوصاً مکران کے نا مساعد حالات میں گوادر میں کتاب میلہ کو انتہائی پذیرائی ملی۔ اور چار دنوں میں ہزاروں کی تعداد میں کتابیں فروخت ہوئی۔
پوہ زانت کی نشست میں محترمہ سعیدہ بلوچ کا کراچی تا گوادر سفر نامہ خالد میر نے سنایا۔ سعید ہ بلوچ نے کراچی سے گوادر تقریباً623 کلومیٹر کا سفر نامہ انتہائی خوبصورت انداز میں لکھا ہے۔ بحرِ بلوچ کے کنارے علاقوں، پہاڑیوں، اور قدرتی نظاروں کی بہت خوبصورتی سے منظر کشی کی ہے۔ اور اس سفر نامہ کو پڑھتے ہوئے اپنی دھرتی بلوچستان سے والہانہ محبت میں مزید اضافہ ہوتا ہے ۔
پوہ زانت کی نشست میں شاہ محمود شکیب نے اپنی بلوچی نظم بنام ” میر گل خان نصیر“ انتہائی خوبصورت رخشانی بلوچی لہجہ میں سنایا ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر منیر رئیسانی نے اپنی تازہ غزل کے اشعار سنائے ۔ اور سامعین کو محظوظ کیا۔ آخر میں صدر ِ نشست آغا سرور نے صدارتی خطبہ میں تمام دوستوں کو شکریہ ادا کیا اور ماہنامہ سنگت میں تمام دوستوں کو اپنے نگارشات لکھنے کی تاکید کی۔

0Shares

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے